انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر اسٹیٹس یا اسٹوری شیئر کرنے کے لیے نئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنے اسٹیٹس یا اسٹوری کے لیے اے آئی سے بنائی گئی تصاویر استعمال کر سکیں گے۔
یہ فیچر میٹا کے جدید جنریٹو اے آئی ٹیکنالوجی پر کام کرتا ہے جو سادہ ٹیکسٹ سے منفرد اور دلکش تصاویر بناتا ہے۔
مذکورہ فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو ’اپڈیٹس‘ کے ٹیب میں جاکر نئیے اسٹیٹس کے آپشن میں جانا ہوگا، وہاں اے آئی امیج کو منتخب کرنا ہوگا۔
صارف اے آئی امیج منتخب کرنے کے بعد سسٹم کو الفاظ میں ہدایات دے گا، یعنی پرامپٹ دے گا، جس کے بعد اے آئی سسٹم تصویر بنا دے گا۔
سسٹم ہدایات کے مطابق ایک سے زائد تصاویر بنا کر فراہم کرے گا اور صارف اپنی مرضی کی کوئی بھی تصویر منتخب کر سکےگا۔
ضرور پڑنے پر صارف تیار کی گئی تصویر میں تبدیلیاں یا ترامیم بھی کر سکے گا، صارف کو ایڈٹ امیج کا آپشن بھی فراہم کیا جائے گا۔
تصویر بننے کے بعد صارف تصویر کو اسٹیٹس یا اسٹوری کے طور پر شیئر بھی کر سکیں گے، وہ صرف سینڈ کو کلک کریں گے اور تصویر از خود شیئر ہوجائے گی۔
مذکورہ فیچر فی الحال کچھ صارفین کے لیے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر دستیاب ہے جو واٹس ایپ کی تازہ ترین ورژن استعمال کر رہے ہیں۔
یہ فیچر آہستہ آہستہ مزید صارفین اور ممالک تک پہنچے گا، کچھ صارفین کو فوری طور پر یہ فیچر مل جائے گا جبکہ کچھ کو سرور اپ ڈیٹ کا انتظار کرنا پڑے گا۔
