پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 24 اکتوبر کو دہشت گردی کے بڑے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 3 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، خوارج دہشت گردی کی بڑی کارروائی کے لیے ایک گاڑی کے ذریعے خودکش بمبار تیار کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں جائزہ لیا اور انتہائی مہارت کے ساتھ خودکش حملے کے لیے تیار کی جانے والی گاڑی کو تباہ کر دیا گیا۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران 3 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو بھی جہنم واصل کیا گیا جبکہ کلیئرنگ آپریشن جاری ہے۔
