پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قاہرہ میں اتحادیہ صدارتی محل میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دیرینہ دوستی کا اعادہ کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) نے اپنے اعلامیے میں بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کی مصر کے صدر کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس دوران فیلڈ مارشل نے خطے کے امن و استحکام میں کلیدی کردار پر مصری قیادت کی تعریف کی جبکہ عبدالفتاح السیسی نے عالمی اور امت مسلمہ کے لیے اہمیت کے حامل معاملات میں پاکستان کے مثبت اور فعال کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی اسٹریٹجک مفادات اور عوام سے عوام کے رابطوں کو مضبوط بنانے کے معاملات پر ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
اہم ملاقات میں دوستانہ تعلقات کی مشترکہ تاریخ اور تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسیع کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔
واضح رہے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے سرکاری دورہِ مصر کے دوران 23 اکتوبر کو مصری وزیر دفاع و دفاعی پیداوار جنرل عبدالماجد صقر اور مصری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد خلیفہ فتحی سے بھی ملاقات کی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا تھا کہ مصر ایک برادر ملک ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون نہ صرف دونوں قوموں کے عوام کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
وزارت دفاع کے دورے کے دوران، فیلڈ مارشل کا پُرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا تھا۔
قبل ازیں، چیف آف آرمی اسٹاف نے جامعہ الازہر کے شیخ اعظم، شیخ احمد الطیب سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں شیخ الجامعہ الازہر نے امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انتہا پسندانہ نظریات اور اسلام کی غلط تشریحات کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔
