کوئٹہ: مبینہ پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو ہلاک، اسلحہ برآمد

بلوچستان کے درالاحکومت کوئٹہ میں بروری کے علاقے کلی خلی میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو مارے گئے، ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ایک پولیس اہلکار نے بتایا ہے کہ مشتبہ ڈاکو ہفتہ کی صبح کوئٹہ کے نواح میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگئے۔

صدر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) شوکٹ جدون نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ 3 مسلح ملزمان نے کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی خالی میں پولیس موبائل پر فائرنگ کی، جو بریوری تھانے کی حدود میں آتا ہے۔

ڈی ایس پی جدون کا کہنا تھا کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں تینوں مشتبہ ملزمان ہلاک ہوگئے جب کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تینوں ڈاکوؤں کی لاشوں کو بولان میڈیکل کالج منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ قانونی ضابطے کی کارروائی مکمل کی جا سکے۔

ڈی ایس پی کے مطابق یہ ملزمان علاقے میں ڈکیتی کی نیت سے موجود تھے، تاہم واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب، کوئٹہ میں سریاب لنک روڈ پر رات گئے 2 افراد کو ہاتھ پاؤں باندھ کر تیز دھار آلے سے قتل کردیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے گودام کے چوکیدار اور اس کے دوست کو ہاتھ پاؤں باندھ کر قتل کیا، مقتول چوکیدار ضیاالرحمٰن لورالائی اور اس کا دوست شاہد لکی مروت کا رہائشی تھا۔

Leave a Reply