جھگڑے والی رات شوہر اور میں الگ کمروں میں سوتے ہیں، مریم نفیس

اداکارہ مریم نفیس کا کہنا ہے کہ میاں اور بیوی میں جھگڑے یا اختلافات ہوتے رہتے ہیں لیکن وہ معاملات کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے کےلیے جھگڑے والی رات ایک دوسرے سے الگ الگ سوتے ہیں۔

مریم نفیس نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے گھریلو اور ازدواجی زندگی میں پیش آنے والے مسائل پر کھل کر گفتگو کی۔

انہوں نے پروگرام کے دوران شادی شدہ جوڑوں کو مل کر اور ایک دوسرے سے بات کرکے مسائل کا حل نکالنے کی تجویز دی، ان کے مطابق خاموش رہنے یا نظر انداز کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔

پروگرام کے دوران ماہرین صحت نے بتایا کہ تنازعات اور جھگڑوں کے وقت انسان کا کارٹیسول نامی ہارمون بڑھ جاتا ہے، جس وجہ سے انسان عام طور پر منفی باتیں زیادہ سوچتا ہے۔

شریک حیات سے جھگڑے اور اختلافات پر بات کرتے ہوئے مریم نفیس نے کہا کہ انہوں نے اور ان کے شوہر امان احمد نے اصول اور ایک طریقہ کار بنا رکھا ہے اور وہ اس پر عمل کرتے ہیں۔

مریم نفیس کے مطابق جب بھی ان کے اور شوہر کے درمیان اختلافات ہوتے ہیں تو وہ جھگڑے والی رات اکیلے اکیلے دوسرے کمروں میں سوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شوہر سے الگ ہوکر دوسرے کمرے میں سونے سے انہیں سوچنے اور معاملات پر غور کرنے کا وقت مل جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں میاں بیوی مذکورہ طریقہ کار پر عمل کرتے ہیں اور انہوں نے اسے اپنا معمول اور روایت بنا لی ہے، جھگڑے والی رات وہ ایک ساتھ نہیں سوتے۔

اداکارہ کے مطابق رات کو الگ الگ کمروں میں سونے کے بعد اگلی صبح ناشتے پر وہ جھگڑے اور اختلاف پر بات کرتے ہیں اور بات چیت کے ذریعے ہی معاملہ حل کرتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ طریقے پر عمل کرنے سے ان کے درمیان زیادہ معاملات خراب نہیں ہوتے اور وہ جھگڑے کے کافی دیر بعد ایک دوسرے بات کرتے ہیں۔

مریم نفیس نے ہدایت کار امان احمد سے مارچ 2022 میں شادی کی تھی اور شادی کے تین سال بعد مارچ 2025 میں ان کے ہاں پہلے بیٹے عیسیٰ کی پیدائش ہوئی تھی۔

مریم نفیس اور ان کے شوہر متعدد بار ٹی وی پروگراموں میں ایک ساتھ شرکت کر چکے ہیں اور ازدواجی زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کی باتیں کر چکے ہیں۔

Leave a Reply