صدرِ مملکت آصف علی زرداری نومبر میں 3 روزہ دورے پر قطر روانہ ہوں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق سفارتی ذرائع نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری 4 سے 6 نومبر تک قطر کے دارالحکومت دوحہ کا دورہ کریں گے، اس دوران آصف علی زرداری امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کریں گے۔
صدر زرداری دوحہ میں اقوام متحدہ کے سماجی ترقی کے دوسرے عالمی سربراہی اجلاس (ڈبلیو ایس ایس ڈی) میں بھی شرکت کریں گے۔
سماجی ترقی پر یہ دوسرا عالمی اجلاس ہے، پہلا اجلاس 1995 میں کوپن ہیگن، ڈنمارک میں منعقد ہوا تھا۔
شیڈول اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت دیگر ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے، سفارتی ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ ستمبر میں صدر مملکت آصف زرداری نے چین کا 10 روزہ دورہ کیا تھا، صدر زرداری کے دورے کے دوران مفاہمت کی کئی یادداشتوں ( ایم او یوز ) پر دستخط کیے گئے تھے۔
دورہِ چین میں صدر آصف زرداری کی چین کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوئی تھیں، جن میں پاک چین تعلقات، سی پیک، علاقائی امن، ترقی اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
صدر مملکت کے دورے میں پاکستان اور چین نے 16 ستمبر کو مفاہمت کی 3 یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے تھے، جن کا مقصد پاکستان میں زراعت، ماحولیات اور ماس ٹرانزٹ شعبوں کی ترقی ہے۔
