شادی کا لباس بہت ہی خاص ہے، ہونے والی بہو کو دونگی، ماہرہ خان

اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی شادی کی تقریب کے ایک لباس کے بارے میں بتایا کہ وہ بہت ہی خاص ہے اور وہ اسے اپنی ہونے والی بہو کو دیں گی۔

ماہرہ خان نے حال ہی میں یوٹیوب پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اپنی شادی کی تقریبات کے حوالے سے بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی کا آغاز دعائے خیر کی تقریب سے ہوا تھا، جو ان کی والدہ کی خواہش تھی کہ تقریبات کی شروعات اسی سے ہو۔

ان کے مطابق اس موقع پر زہرہ نگاہ نے دعا کروائی اور سارا اہتمام گھر میں ہی کیا گیا تھا۔

ماہرہ خان نے بتایا کہ اس دن انہوں نے بہت سادہ میک اپ کیا تھا اور بالوں کی سادہ سی چوٹی بنائی تھی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ دعائے خیر کے موقع پر انہوں نے ڈیزائنر عمر سعید کا تیار کردہ حیدرآبادی لباس پہنا، جو انہیں بہت پسند ہے۔

ماہرہ خان نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ یہ لباس وہ اپنی بہو کو دیں گی اور اس کے ساتھ کہیں گی کہ اس کا خیال رکھنا کیونکہ یہ لباس بہت محبت سے تیار کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ماہرہ خان نے اکتوبر 2023 میں کاروباری شخصیت سلیم کریم سے دوسری شادی کی تھی۔

اس سے قبل ماہرہ خان نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی، جن سے ان کے ہاں ایک بیٹا اذلان پیدا ہوا تھا اور شادی کے 8 سال بعد 2015 میں طلاق ہوگئی تھی۔

Leave a Reply