پاکستان ٹیم جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کیلئے بھارت نہیں جائے گی

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے حتمی فیصلہ کر لیا کہ اگلے ماہ بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو نہیں بھیجا جائے گا، یہ ایونٹ 28 نومبر سے 10 دسمبر تک شیڈول ہے۔

یہ فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد کیا گیا، جہاں سیکیورٹی خدشات اور بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کھیلوں میں منفی رویے، خصوصاً حالیہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم کے رویے پر غور کیا گیا۔

ایک پی ایچ ایف عہدیدار نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ پی ایچ ایف جلد ہی اپنے فیصلے سے ہاکی انڈیا کو آگاہ کرے گی، پی ایچ ایف اور حکومت کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتی، اس لیے فیصلہ کیا گیا کہ ٹیم بھارت نہیں بھیجی جائے گی۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز کے لیے غیر جانبدار مقامات فراہم کیے ہیں، جبکہ ہاکی کی عالمی تنظیم (ایف آئی ایچ) نے ابھی تک ایسا کوئی ہائبرڈ انتظام نہیں کیا، پاکستان نے گزشتہ ماہ بھارت میں ہونے والا ایشیا کپ بھی نہیں کھیلا تھا، حالانکہ وہ ٹورنامنٹ آئندہ سال کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائر تھا۔

دریں اثنا، پی ایچ ایف کے انتخابات کا معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں زیرِ غور آیا، جس کی صدارت رکنِ قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے کی۔

اجلاس کے دوران ذیلی کمیٹی کے کنوینر نے پی ایچ ایف پر رپورٹ پیش کی، کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی ایچ ایف نے کلبوں کی جانچ پڑتال اور کمیٹی کے انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

اجلاس میں پی ایچ ایف کے سیکریٹری رانا مجاہد نے کمیٹی کو بتایا کہ پی ایچ ایف کے انتخابات اور کلبوں کی جانچ پڑتال کا معاملہ 7 نومبر کو ہونے والے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

کمیٹی نے پی ایچ ایف کو ہدایت کی کہ انتخابی کمیشن پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی نمائندگی کے ساتھ تشکیل دیا جائے اور کلبوں کی جانچ پڑتال پی ایس بی کی مشاورت اور نمائندگی کے ساتھ کی جائے۔

Leave a Reply