پیرس/لندن: غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی صورتحال بدستور نازک ہے، انھوں نے عالمی برادری سے مشترکہ اقدام کی اپیل بھی کی۔
فرانسیسی صدر نے کہا کہ یورپی، عرب اور امریکی شراکت داروں کے ساتھ مل کر فوری انسانی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے غزہ میں انسانی ہمدردی کے مراکز اور راستے فوری کھولنے اور امداد، خوراک و ضروری سامان عوام تک پہنچانے پر زور دیا۔
میکرون نے خبردار کیا کہ اگر امدادی سرگرمیوں کی بحالی نہ ہوئی تو انسانی المیہ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ادھر برطانوی وزیرِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ غزہ میں جنگ بندی کی نگرانی کے لیے فوجی دستے بھیجے گا۔
وزیرِ دفاع کے مطابق برطانوی افسران ملٹری کوآرڈی نیشن سینٹر میں جنگ بندی کی نگرانی کریں گے اور امریکا کی درخواست پر پہلے ہی دو افسر تعینات کیے جا چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ غزہ مشن میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔