نوشکی: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نوشکی کے علاقے غریب آباد میں پیش آیا، پولیس اہلکار معمول کےگشت پر تھے کہ ملزمان نے فائرنگ کردی۔

جاں بحق اہلکاروں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (سی آر ایس ایس) نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران دہشت گردی کے حملوں میں اضافے اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں شدت کے باعث ملک میں تشدد کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کی سہ ماہی رپورٹ کے مطابق پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں اموات میں 46 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 329 پرتشدد واقعات کے نتیجے میں 901 اموات ہوئیں جبکہ 599 افراد زخمی ہوئے، جن میں دہشت گردانہ حملے اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں شامل ہیں۔

Leave a Reply