ہمایوں سعید کی فلم ’لو گُرُو‘ ہولی وڈ کی کاپی تھی، حیدر سلطان

لیجنڈری مرحوم اداکار سلطان راہی کے بیٹے اداکار حیدر سلطان نے دعویٰ کیا ہے کہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی رومانوی کامیڈی فلم ’لو گُرُو‘ معروف ہولی وڈ فلم کی کاپی تھی اور اسی طرح کی ایک بولی وڈ فلم بھی پہلے ریلیز ہوچکے ہے۔

حیدر سلطان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی اور کہا کہ پاکستان میں اچھی فلمیں بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن اس باوجود فلم ساز ایک ہی فارمولے پر کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے بہت سارے فلم سازوں کو اچھے مشورے بھی دیے ہیں لیکن اس باوجود ہر کوئی لکیر کا فقیر ہے، کوئی اچھی فلمیں نہیں بنا پا رہا۔

حیدر سلطان نے ہمایوں سعید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھنا چاہیے کہ کالج کے لڑکے کردار میں وہ اچھے نہیں لگیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمایوں سعید اب اس عمر میں آ چکے ہیں، جہاں وہ ہر کردار میں اچھے نہیں لگیں گے، انہیں کرداروں میں آنا چاہیے، اپنے حساب سے کردار بنانا چاہیے۔

انہوں نے مثال دی کہ سلمان خان اور شاہ رخ خان بھی ہیرو آتے ہیں لیکن وہ کردار بنا کر ہیرو بنتے ہیں جب کہ ہمارے ہاں ایسا نہیں ہوتا۔

ان کے مطابق ہمایوں سعید کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’لو گرو‘ کلیئر کاپی تھی اور ہر کسی کو پتا ہے کہ وہ کس فلم کی کاپی تھی۔

میزبان کے پوچھے جانے پر انہوں نے بتایاکہ ’لو گُرو‘ ایک ہولی وڈ فلم کی کاپی ہے، ہولی وڈ فلم کی کاپی پہلے بولی وڈ والوں نے بنائی، جس میں سلمان خان بھی تھے، اس کے بعد اب ہمایوں سعید نے بھی بنائی۔

انہوں نے کہا کہ فلم سازوں کو اچھی فلمیں بنانی چاہیے، جو شخص ڈھائی ہزار روپے کا ٹکٹ خرید کر پاپ کارن میں پیسے خرچ کرکے دوسرے اخراجات کر رہا ہے، وہ فلم دیکھتے وقت پریشان ہوجاتا ہے کہ وہ کیا دیکھ رہا ہے؟ فلم میں کوئی کہانی نہیں ہوتی۔

حیدر سلطان کے مطابق جس دور میں ان کے والد فلموں میں کام کرتے تھے، تب فلم انڈسٹری حکومت کو بہت بڑا ٹیکس دیتی تھی اور سینما مالکان رات کو پیسوں کی بوریاں پھر کر لے جاتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ جو فلم ساز و اداکار اس وقت فلمیں بنا رہے ہیں، وہ اچھی کوششیں کر رہی ہیں لیکن انہیں کہانیوں اور کرداروں پر توجہ دینی ہوگی۔

Leave a Reply