دبئی پولیس نے 3 سالہ بچی کا افسر بننے کا خواب پورا کردیا

دبئی پولیس نے 3 سالہ سارہ نبیل کی افسر بننے کا خواب پورا کردیا ، کمسن بچی نے پولیس کی وردی پہننے اور لگژری پٹرولنگ گاڑی میں سیر کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

گلف نیوز کے مطابق دبئی پولیس نے حال ہی میں ایک کمسن بچی کا سب سے بڑا خواب حقیقت میں بدل دیا۔

سارہ نبیل نامی 3 سالہ بچی نے پولیس کی وردی پہننے کی خواہش ظاہر کی تھی جس پر دبئی پولیس نہ صرف کمسن بچی کو ’ننھی پولیس آفیسر‘ کا اعزاز دیا بلکہ اسے پولیس کی مشہور لگژری پیٹرول کار میں سیر کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سارہ نبیل نے اپنی سادہ سی خواہش اسکول سیکیورٹی انیشی ایٹو ٹیم کے ارکان سے شیئر کی۔

جس پر بچوں میں خوشی اور اعتماد پیدا کرنے کے جذبے کے تحت سیکیورٹی ٹیم نے فوراً اس خواہش کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اقدامات کیے، جس سے دبئی پولیس کی کمیونٹی سے مضبوط تعلق قائم رکھنے کی وابستگی ظاہر ہوتی ہے۔

سارہ اور اس کے اہل خانہ کا استقبال دبئی پولیس ہیڈکوارٹرز میں کیا گیا، جہاں کپتان ماجد بن سعد الکعبی (ہیڈ آف اسکول سیکیورٹی انیشی ایٹو ٹیم) اور لیفٹیننٹ مریم عیسیٰ سنقور (ڈپٹی ہیڈ) سمیت پولیس افسران نے ان کا خیرمقدم کیا۔

سارہ کے لیے اس خاص دن کا آغاز پولیس کی جانب سے تیار کی گئی خصوصی پولیس وردی اور تحائف کے ساتھ ہوا۔

ننھی افسر کو وردی پہنا کر شہر کی خصوصی سیر کرائی گئی، جس کا سب سے یادگار لمحہ پولیس کی عمدہ لگژری پیٹرول گاڑی میں سفر تھا، پولیس ٹیم نے اس موقع کو یادگار بنانے کے لیے کئی تصویریں اور ویڈیوز بھی بنائیں۔

کپتان الکعبی نے اس اقدام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ انیشی ایٹو دبئی پولیس کی مثبت کمیونٹی انگیجمنٹ پالیسی کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد بچوں میں قومی وابستگی، خوشی اور فخر کا جذبہ پیدا کرنا ہے جب کہ ایسے اقدامات سے پولیس کے جدید اور انسان دوست چہرے کو نہ صرف دبئی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے۔

Leave a Reply