پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزز کے مالکان نے لیگ کے مستقبل سے متعلق مختلف امور پر پی ایس ایل مینجمنٹ سے ملاقات کا مطالبہ کر دیا، جسے پی سی بی حکام نے منظور کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس منگل کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں طلب کیا گیا ہے، جس میں تمام چھ فرنچائزز بشمول ملتان سلطانز کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق فرنچائز مالکان نے پی ایس ایل 2026 اور 2027 کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
مالکان کا کہنا ہے کہ آئندہ سیزنز کے لیے کمرشل امور، ایونٹ ونڈو کی دستیابی اور ای وائی ایویلیوایشن رپورٹ پر واضح بریفنگ ضروری ہے۔
فرنچائزز نے پی ایس ایل حکام سے دو سالہ ٹائٹل اسپانسرشپ معاہدے کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی وضاحت مانگ لی ہے تاکہ لیگ کے مالی اور کمرشل معاملات میں شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل مینجمنٹ نے فرنچائز مالکان کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے منگل کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی (لاہور) میں اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اجلاس میں لیگ کے آئندہ ایڈیشنز کے شیڈول، اسپانسرشپ اور دیگر انتظامی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کا مقصد فرنچائزز کے تحفظات کو سننا اور پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشنز کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہے، تاکہ پاکستان سپر لیگ کو مزید مضبوط اور بین الاقوامی سطح پر مسابقتی بنایا جا سکے۔
