اسلام آباد: صدرِ مملکت نے سینیٹ آف پاکستان کا اجلاس طلب کرلیا ہے جو منگل کی شام پانچ بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔ اس حوالے سے سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
سینیٹ کے کل ہونے والے اجلاس کا 18 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں اہم بلز، رپورٹس اور توجہ دلاؤ نوٹسز شامل ہیں۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا جائے گا جب کہ ایوان میں سوالات و جوابات کا سیشن بھی رکھا گیا ہے۔
وفاقی وزیر شیری رحمٰن ماحولیاتی تبدیلی کمیٹی کی رپورٹ پیش کریں گی اور ساتھ ہی پاکستان وائلڈ فونا اینڈ فلورا ایکٹ (ترمیمی بل 2024) پر رپورٹ ایوان میں پیش کریں گی۔ شیری رحمٰن کمیٹی کی سالانہ رپورٹ 2024 تا 2025 بھی پیش کریں گی۔
سینیٹر عرفان صدیقی خارجہ امور کمیٹی کی رپورٹ اور سربیا میں پاکستانیوں کے لیے ویزا معاونت سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے۔
سینیٹر عون عباس یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش پر رپورٹ پیش کریں گے جب کہ سینیٹر رانا محمود الحسن نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی ترمیمی بل پیش کریں گے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ قانونِ شہادت ترمیمی بل 2025 پیش کریں گے جب کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ورچوئل ایسٹس آرڈیننس 2025 میں توسیع کی قرارداد ایوان میں لائیں گے۔
اسی طرح وزیر داخلہ محسن نقوی فرنٹیئر کانسٹیبلری تنظیمِ نو آرڈیننس 2025 اور وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی کنگ حمد یونیورسٹی بل 2025 منظوری کے لیے پیش کریں گے۔
اجلاس میں دانش اسکولز اتھارٹی بل 2025 پر غور اور منظوری دی جائے گی۔ وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ آسان کاروبار بل 2025 پیش کریں گے۔
ایجنڈے میں نجی شعبے سے پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسرز کی تعیناتی اور پاکستان پوسٹل سروسز میں خالی آسامیوں پر عدم تعیناتی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹسز بھی شامل ہیں۔
