بولی وڈ ’کنگ‘ کہلانے والے شاہ رخ خان کی آنے والی میگا ایکشن اور بجٹ فلم’کنگ‘ کا ٹیزر ریلیز کرتے ہوئے اسے آئندہ سال 2026 میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
شاہ رخ خان کے مداح کافی عرصے سے ’کنگ‘ کے انتظار میں ہیں، اداکار نے دو سال قبل ہی مداحوں کو ایکشن فلم ’کنگ‘ کا بتایا تھا۔
اب طویل عرصے بعد اس کا مختصر ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں صرف شاہ رخ خان کے کردر کو ہی دکھایا گیا ہےجب کہ پس پردہ ان کی اپنی ہی آواز ہے۔
مختصر دورانیے کے ٹیزر میں شاہ رخ خان کو نہ صرف اپنی عمر سے جوان دکھایا گیا ہے بلکہ انہیں میگا ایکشن کے انداز میں اپنے دشمنوں کو مزے بھی چکھاتے دکھایا گیا ہے۔
خبریں ہیں کہ اسی فلم سے سہانا خان بھی سینما کیریئر کا آغاز کریں گی، وہ پہلے ویب سیریز میں نظر آ چکی ہیں لیکن اب والد کے ساتھ اداکاری کرتی نظر آئیں گی۔
فلم کی دیگر کاسٹ میں دپیکا پڈوکون، رانی مکھرجی، ابھیشیک بچن، ارشد وارثی، انیل کپور اور جیکی شروف بھی نظر آئیں گے، تاہم زیادہ تر اداکاروں کے کرداروں کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
شاہ رخ خان ’کنگ‘ کے ذریعے تقریبا تین سال بعد بڑی اسکرین پر واپسی کریں گے، ان کی آخری فلم ’ڈنکی‘ دسمبر 2023 میں ریلیز ہوئی تھی، اسی سال ان کی میگا ایکشن فلمیں ’پٹھان اور جوان‘ بھی ریلیز ہوئی تھیں۔
