خیبر پختونخو اکے اضلاع شمالی وزیرستان اور ٹانک میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ آپریشنز میں بھارتی حمایت یافتہ ’فتنۃ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے تین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق 2 نومبر کو خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارت نواز دہشت گرد تنظیم ’فتنۃ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے تین خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے عیشام کے بالمقابل پاکستان-افغانستان سرحد کے راستے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت سیکیورٹی فورسز نے بروقت نوٹ کی۔
مزید بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے اس گروہ کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، ٹھوس اور مہارت سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی پراکسی ’فتنۃ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 2 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سے ایک خارجی قاسم کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے، جو افغان بارڈر پولیس میں خدمات انجام دے رہا تھا۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق اسی روز ضلع ٹانک میں کی گئی ایک اور خفیہ معلومات پر مبنی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ ایک اور خارجی کو ہلاک کر دیا۔
ہلاک دہشت گرد کی شناخت خارجی اکرام الدین عرف ابو دجانہ کے نام سے ہوئی، یہ بھی افغان شہری تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ واقعات اس امر کو ظاہر کرتے ہیں کہ افغان شہری پاکستان کے اندر معصوم شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف مسلسل دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان متعدد بار عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کر چکا ہے کہ وہ اپنی سرحدی نگرانی کو مؤثر بنائے اور یہ یقینی بنائے کہ افغان سرزمین خوارج یا دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو، اور افغان شہریوں کی پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں شمولیت کو روکا جائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر پختہ اور غیر متزلزل ہیں، شمالی وزیرستان اور ٹانک میں جہاں خوارج کو ہلاک کیا گیا وہاں کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق وفاقی اپیکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے جاری ’عزم استحکام‘ کے وژن کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف بے رحمانہ مہم بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے غیر ملکی پشت پناہی یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔
