ویمنز ورلڈ کپ: جمیمہ راڈریگز کی تاریخی اننگز، بھارت آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا

ویمنز ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جمیمہ راڈریگز کی تاریخی اننگز کے باعث بھارت نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ڈی وائے پٹیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹاپ آرڈر بیٹر جمیمہ راڈریگز نے آسٹریلیا کے پہاڑ جیسے ہدف کو بآسانی حاصل کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا، بھارت نے مطلوبہ 339 رنز کا ہدف 9 گیندیں قبل ہی 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والی بیٹر نے 127 رنز کی ریکارڈ اننگز کھیل کر ٹیم بلیو کو ٹرافی سے ایک قدم نزدیک پہنچا دیا۔

جمیمہ راڈریگز نے اپنی تاریخی اننگز کے دوران 14 چوکوں چوکے بھی لگائے، کپتان ہرمن پریت کور نے بھی ساتھی بیٹر کا خوب ساتھ دیا اور 89 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچانے میں کردار ادا کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے کیم گارتھ اور انابیل سدرلینڈ نے2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 338 رنز کا بڑا ہدف اسکور بورڈ پر سجایا، فوبی لیچ فیلڈ نے 17 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے شاندار 93 گیندوں پر 119 رنز کی اننگز کھیلی، آل راؤنڈر ایلس پیری 77 اور ایشلے گارڈنر نے 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

بھارت کی جانب سے شری چرانی اور دیپتی شرما نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ میزبان بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ویمنز ورلڈ کپ کا مقابلہ 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

Leave a Reply