معروف ٹی وی میزبان ساحر لودھی نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ان کی شکل بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان سے نہیں ملتی اور نہ ہی وہ ان جیسا بننے کی کوشش کرتے ہیں، ان کی اپنی شناخت ہے۔
ساحر لودھی نے حال ہی میں دعا ملک کے ساتھ گفتگو کی، جس دوران انہوں نے متعدد معاملات پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی اہلیہ میڈیا تقریبات سمیت سوشل میڈیا پر کیوں سامنے نہیں آتیں اور یہ بھی بتایا کہ وہ کسی پر اپنی مرضی نہیں تھونپ سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ اور وہ مختلف ذہنیت اور سوچ کے مالک ہیں، ان کی اہلیہ خود میڈیا اور سوشل میڈیا پر نہیں آنا چاہتیں اور وہ انہیں زبردستی سامنے نہیں لا سکتے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسا بالکل نہیں ہے کہ ان کی اہلیہ سامنے نہیں آتیں لیکن یہ ضرور ہے کہ وہ بہت کم میڈیا کے سامنے آنا پسند کرتی ہیں۔
ساحر لودھی نے کہا کہ ان کی اہلیہ کو پرائیویسی پسند ہے اور وہ ان کے فیصلے کی قدر کرتے ہیں، وہ ان پر اپنی مرضی نہیں تھونپ سکتے۔
شاہ رخ خان سے شکل ملنے کے معاملے پر دعا ملک نے انہیں بتایا کہ انہیں بھی آج لگا کہ ان کا چہرہ شاہ رخ خان سے بہت ملتا ہے، وہ انہیں خود دیکھ کر ڈر گئیں کہ وہ کس طرح شاہ رخ خان جیسے ہوگئے ہیں۔
دعا ملک نے مزاحیہ انداز میں ان سے پوچھا کہ کہیں آپ نے شاہ رخ خان جیسا بننے کے لیے سرجری تو نہیں کروائی، جس پر ساحر لودھی نے مسکراتے ہوئے انکار کیا اور کہا کہ انہوں نے کوئی سرجری یا پراسیجر نہیں کروایا۔
اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے ساحر لودھی کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی شناخت کا کوئی مسئلہ نہیں لیکن اگر لوگوں کی ان کی شناخت سے مسئلہ ہے تو وہ اس میں کچھ نہیں کر سکتے۔
انہوں نے شاہ رخ خان کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سے دو بار مل چکے ہیں، وہ بہت اچھی شخصیت کے مالک ہیں، ان میں ذرا بھی غرور نہیں۔
ساحر لودھی نے کہا کہ ان کی شکل شاہ رخ خان سے نہیں ملتی اور نہ ہی وہ ان جیسا بننے یا انہیں کاپی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان کے مطابق اگر لوگوں کو لگتا ہے کہ ان کی شکل شاہ رخ خان سے ملتی ہے تو یہ لوگوں کا مسئلہ ہے، انہیں معلوم ہے کہ ان کا چہرہ شاہ رخان سے نہیں ملتا۔
انہون نے کہا کہ وہ شاہ رخ خان ہیں اور نہ کبھی بنیں گے، وہ ساحر لودھی ہیں، ان کی اپنی شناخت ہے، انہیں اپنی شناخت سے کوئی مسئلہ نہیں۔
