پشاور میں مبینہ پولیس مقابلہ، 20 سال سے ڈکیتیاں کرنے والے 4 ملزمان ہلاک

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب انتہائی خطرناک گروہ کے 4 ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پشاور کے تھانہ چمکنی کی پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین مبینہ مقابلے میں خطرناک ڈکیت گروہ کے 4 ملزمان مارے گئے، پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان 20 سال سے وارداتیں کر رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان اور ان کے ساتھیوں کا گینگ پشاور راولپنڈی، نوشہرہ اور دیگر اضلاع میں 2 دہائیوں سے سرگرم رہے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں

پولیس حکام کے مطابق تھانہ چمکنی پولیس سے مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان فرنٹیئر کور (ایف سی) کی وردی پہن کر گھروں میں ڈکیتیاں کرتے تھے، مرنے والے ڈاکوؤں کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع اس وقت شورش سے متاثر ہیں، جہاں آئے روز دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کی جانب سے پولیس اور شہریوں پر حملے کیے جاتے ہیں۔

تاہم سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں میں مؤثر جواب دیتے ہوئے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

Leave a Reply