تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستانی باؤلرز کے بعد بیٹرز نے بھی کمال دکھا دیا، فیصلہ کن مقابلے میں شاہینوں نے جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں باؤلرز کے بعد بیٹرز نے بھی اپنی مہارت دکھائی اور جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا گیا 140 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 6 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔
ٹاپ آرڈر بیٹر بابر اعظم کی 9 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز نے ہدف حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 47 گیندوں کا سامنا کیا، بابر اعظم کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس موقع پر بابر اعظم نے کہا کہ میں ایسی ہی اننگز کھیلنا چاہتا تھا، آج اس میں کامیاب ہوا ہوں۔
فہیم اشرف کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا، انہوں نے 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔
کپتان سلمان علی آغا 33 اور صاحب زادہ فرحان 19 رنز بنا کر نمایاں رہے، صائم ایوب ایک بار پھر بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس لوٹے، حسن نواز صرف 5 رنز ہی بنا سکے جبکہ آل راؤنڈر محمد نواز بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان 6 اور فہیم اشرف 4 رنز بنا کر وکٹ پر موجود رہے۔
پروٹیز باؤلرز کوربن بوش اور لیزاڈ ویلیمز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اینڈائل سیمیلین اور کپتان ڈنووان فریرا نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل، شاہینوں کی نپی تلی باؤلنگ کے بعد جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 140 رنز کا ہدف دیا تھا۔
میچ کی پہلی اننگز کی دوسری گیند سے ہی پاکستانی باؤلرز چھائے رہے، شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اوور میں وکٹ لینے کے اعزاز کو برقرار رکھتے ہوئے ڈی کاک کو پہلے آؤٹ کیا، اگلی گیند پر انہوں نے پریٹوریس کو بغیر کھاتہ کھولے واپس پویلین بھیجا۔
ابتدائی اوور میں 2 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پروٹیز بیٹرز دفاعی پوزیشن میں چلے گئے اور رنز بنانے کی جدوجہد کرتے رہے۔
تاہم پاکستانی باؤلرز کی بہترین لائن اور لینتھ پر باؤلنگ نے حریف بلے بازوں کو کھل کر کھیلنےکا موقع فراہم نہیں کیا، ریزا ہنڈریکس 34 اور کوربن بوش 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان ڈنووان فریرا 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے مہمان ٹیم بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ڈیبیو کرنے والے اسپنر عثمان طارق اور فہیم اشرف نے 2،2 شکار کیے، جبکہ محمد نواز اور سلمان مرزا کے حصے میں ایک،ایک وکٹ آئی۔
واضح رہے کہ ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں مہمان جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دی تھی، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پروٹیز ٹیم کے 195 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 19ویں اوور میں 139رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
پاکستان نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے مہمان ٹیم جنوبی افریقہ کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کی۔
31 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلےگئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کا 111 رنز کا معمولی ہدف 14ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا تھا، اوپنر بیٹر صائم ایوب نے ناقابل شکست 71 رنز کی اننگز کھیلی تھی، باؤلنگ میں فہیم اشرف نے 23 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
فاسٹ باؤلر سلمان مرزا نے14 رنز دے کر 3 شکار کیے، نسیم شاہ 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
