پنجاب میں اسموگ کے باعث تمام اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کرنے کا اعلان

پنجاب میں بڑھتی اسموگ کے باعث اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے حکم جاری کیا گیا ہے کہ تمام سرکاری و نجی اسکولز اب صبح پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھلیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ نے بتایا کہ اسکول اوقات کار میں تبدیلی کا حکم نامہ 3 نومبر سے 31 جنوری 2026 تک نافذ العمل رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ خلاف ورزی کرنے پر 5 سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔

ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ کا کہنا تھا کہ 19 سے 30 اکتوبر تک لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 300 سے 400 تک پہنچ گیا، فضا میں زہریلے ذرات کی خطرناک مقدار رپورٹ ہوئی ہے۔

ڈی جی ماحولیات کے مطابق فیصلہ صبح کے وقت اسکول ٹریفک سے بڑھنے والی آلودگی کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 24 اکتوبر کو ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بھی بڑے پیمانے پر انسداد اسموگ مہم کا آغاز کر دیا، اس مہم میں 16 مکینیکل واشرز، 50 ریگولر واشرز اور 400 ورکرز سڑکوں کی صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ پر مامور کیے گئے ہیں۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے انسداد اسموگ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی محنت ماحولیاتی بہتری کے ویژن کی کامیابی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’ آنے والے برسوں میں پنجاب میں وہ بہتری دیکھنے میں آئے گی جو بیجنگ میں نظر آ رہی ہے۔’

انہوں نے مزید کہا تھا کہ اسموگ کو کم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات نے کسانوں کے رویے میں مثبت تبدیلی پیدا کی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ فضائی آلودگی پیدا کرنے والے کارخانوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

Leave a Reply