ملازمین کو دیوالی پر 10 ہزار روپے دینے پر ارب پتی امیتابھ بچن کو تنقید کا سامنا

ارب پتی اور بولی وڈ کے بگ بی کہلانے والے امیتابھ بچن کی جانب سے اپنے ملازمین کو دیوالی کے موقع پر مٹھائی اور 10 ہزار روپے نقد دیے جانے پر تنقید کا سامنا ہے۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق امیتابھ بچن کی جانب سے اپنے گھریلو ملازمین کو دیوالی کے موقع پر نقد رقم دیے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

امیتابھ بچن کی جانب سے اپنے ملازمین کو دیوالی کے موقع پر نقد رقم دینے کی ویڈیو ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر نے شیئر کی تھی، جس نے دعویٰ کیا تھا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے ملازمین بگ بی کے ہیں۔

ویڈیو میں سوشل میڈیا اسٹار ایک پرتعیش بنگلے کے باہر موجود تھے، جسے دیوالی کی مناسب سے سجایا بھی گیا تھا۔

سوشل میڈیا انفلوئنسر نے کچھ افراد کو روک کر پوچھا کہ انہیں دیوالی کے موقع پر کیا تحفہ ملا ہے، جس پر ویڈیو میں نظر آنے والے افراد نے مٹھائی کے ڈبے دکھائے اور ساتھ ہی پیسوں کا لفافہ بھی دکھایا۔

ملازمین نے بتایا کہ انہیں دیوالی کے موقع پر مٹھائی کے ساتھ ساتھ 10 ہزار روپے نقد رقم بھی دی گئی ہے۔

ویڈیو میں ملازمین نے نہیں بتایا کہ وہ کس کے ملازم ہیں، تاہم سوشل میڈیا اسٹار کے مطابق مذکورہ ملازمین امیتابھ بچن کے ہیں۔

سوشل میڈیا انفلوئنسر کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے ارب پتی امیتابھ بچن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ مہنگائی کے اس دور میں 10 ہزار روپے سے کیا ہوگا؟

’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے امیتابھ بچن کے لیے سخت زبان کا استعمال کیا اور لکھا کہ اربوں روپے کمانے والے اداکار نے اپنے ملازمین کو صرف 10 ہزار روپے دیے جو کہ افسوس ناک عمل ہے۔

صارفین نے لکھا کہ امیتابھ بچن کو دیوالی کے موقع پر ملازمین کو زیادہ رقم دینی چاہیے تھی، ملازمین 10 ہزار روپے کے عوض اہل خانہ کی خوشیاں نہیں خرید سکتے۔

Leave a Reply