جرمنی میں برڈ فلو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکام نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں پانچ لاکھ سے زائد فارم پرندوں کو تلف کر دیا گیا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے قومی ادارہ برائے حیوانی امراض تحقیق، فریڈرِش لوئفلر انسٹیٹیوٹ (ایف ایل آئی) کے مطابق ستمبر سے اب تک فارموں میں 31 مقامات پر وائرس کے پھیلنے کی تصدیق ہو چکی ہے اور بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے۔
ایف ایل آئی کی ترجمان نے کہا کہ صورتحال اتنی تیزی سے بدل رہی ہے کہ یہ اعداد و شمار حتمی تعداد کے بجائے محض ایک وقتی جھلک ہیں جس سے وبا کے پھیلاؤ کی شدت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، جنگلی پرندوں میں اموات کی درست تعداد معلوم نہیں، تاہم مشرقی ریاست برانڈن برگ میں صرف کرینز کی 1500 سے زائد اموات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
برانڈن برگ کے شہر نوٹریبن میں ایک پولٹری فارم پر موجود ایک رپورٹر نے پیر کو ہزاروں مردہ مرغیوں کو ٹریلر میں منتقل کرتے دیکھا، جب کہ کنٹینرز سے مردہ بطخوں کو بھی ہٹایا جا رہا تھا۔
اب تک سب سے زیادہ متاثرہ ریاست لوئر سیکسنی ہے، جہاں 8 مقامات پر وائرس کے پھیلنے کی تصدیق ہوئی، جبکہ برانڈن برگ اور میکلن برگ ویسٹرن پومیرانیا میں 6،6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اگرچہ برڈ فلو شاذونادر ہی انسانوں کے لیے خطرہ بنتا ہے، لیکن یہ زرعی صنعت کے لیے بھاری نقصان اور گھریلو اشیا کی قلت کا سبب بن سکتا ہے۔
