جاپان میں ریچھ کے حقیقی حملوں کے بعد فلم ’براؤن بیئر‘ کی نمائش ملتوی

جاپان میں حالیہ دنوں ریچھ کے حملوں میں اضافے کے بعد فلم سازوں نے اسی موضوع پر مبنی خوفناک فلم ’براؤن بیئر‘ کی ریلیز مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق، حالیہ دنوں میں جاپان میں ریچھ کے متعدد مہلک حملوں کے بعد فلم سازوں نے اسی موضوع پر مبنی ایک خوفناک فلم کی ریلیز ملتوی کر دی ہے۔

رواں سال اب تک جاپان میں ریچھ کے حملوں میں کم از کم 9 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جو ایک ناپسندیدہ ریکارڈ ہے اور حکومت نے اسے ایک سنگین مسئلہ قرار دیا ہے۔

فلم کا نام براؤن بیئر! ہے، جس میں ایک ریچھ کو دکھایا گیا ہے جو انسانوں پر حملہ کرتا ہے اور انہیں کھا جاتا ہے، یہ فلم آئندہ ماہ سنیما گھروں میں پیش کی جانی تھی۔

فلم کے منتظمین نے جمعے کے روز اعلان کیا کہ فلم کی ریلیز مؤخر کر دی گئی ہے اور کہا کہ وہ اس حقیقت کو سنجیدگی سے لیتے ہیں کہ حالیہ دنوں میں حقیقی زندگی میں ریچھ کے متعدد حملے ہوئے ہیں۔

براؤن بیئر کی کہانی ایک یونیورسٹی کے طالب علم کے گرد گھومتی ہے، جو پیسوں کی کمی کے باعث ایک مشکوک جز وقتی نوکری کے لیے درخواست دیتا ہے، جس کے دوران وہ جنگل کی گہرائیوں میں ایک خونخوار، انسان خور ریچھ سے جا ٹکراتا ہے۔

فلم سازوں کا کہنا ہے کہ ریچھ کے حملوں کے خوفناک مناظر دکھانا بلاوجہ تشدد نہیں، بلکہ یہ ایک خوفناک کہانی کو مزاحیہ انداز میں پیش کرنے کا حصہ ہے۔

تاہم، انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ حقیقی صورتحال کا خیال رکھیں گے اور ایسا ماحول پیدا کریں گے جس میں ناظرین خود کو محفوظ اور مکمل طور پر فلم میں محو محسوس کریں۔

ریچھوں کے شہروں میں داخل ہونے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجوہات میں انسانی آبادی میں کمی اور موسمیاتی تبدیلی شامل ہیں۔

اسی ہفتے جاپان کے نئے ماحولیاتی وزیر نے ریچھوں پر قابو پانے کے اقدامات سخت کرنے کا وعدہ کیا، جس میں سرکاری شکاریوں کی تربیت بھی شامل ہے۔

Leave a Reply