عاصم اظہر کا 29 ویں سالگرہ پر مداحوں کے لیے خاص تحفہ، البم ’عاصم علی‘ ریلیز کرنے کا اعلان

گلوکار عاصم اظہر نے اپنی 29 ویں سالگرہ کے موقع پر مداحوں کے لیے ایک خاص تحفے کا اعلان کیا ہے۔

عاصم اظہر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس کے کیپشن میں لکھا کہ آج وہ اپنی سالگرہ پر مداحوں کو اپنے حقیقی روپ سے متعارف کروانے جا رہے ہیں اور اب سب کو عاصم علی سے ملنے کا موقع ملے گا۔

ویڈیو میں عاصم اظہر کی موسیقی کے شوق کو دکھایا گیا ہے، جس کا آغاز ان کی والدہ کی آواز سے ہوتا ہے کہ ایک دنیاوی عاصم اظہر ہے اور ایک عاصم اظہر دل کے قریب ہے۔

اس کے بعد ویڈیو میں ان کی بچپن سے لے کر جوانی تک کی جھلکیاں پیش کی گئی ہیں، جن میں وہ بچپن میں ‘کہو نہ پیار ہے’ پر رقص کرتے اور برونو مارس اور ٹریوی مک کوائے کے گانے ‘بِلینئر’ کو گنگناتے بھی نظر آتے ہیں۔

کیریئر کی جھلکیوں میں ان کے فیشن ویک کے ریمپ پر ہانیہ عامر کے ساتھ ایک یادگار لمحہ بھی شامل ہے، جو ان کے نئے البم کے گانے ‘لوسٹ اینڈ فاؤنڈ’ کے ساتھ دکھایا گیا۔

ویڈیو کا اختتام ایک جذباتی پیغام کے ساتھ ہوتا ہے، جس میں ان کی والدہ کہتی ہیں کہ وہ جھوٹ بول سکتی ہیں، لیکن عاصم علی نہیں بول سکتا۔

10 ٹریک پر مشتمل البم ’عاصم علی‘ میں ’عاصم علی‘، ’خبّے سجے‘، ’نا جا‘، ‘چینجز‘، ’لوسٹ اینڈ فاؤنڈ‘، ’شوگر رش‘، ’جند ماہی‘، ’پری‘، ’یو گاٹ دس‘ اور ’اسٹرینجرز‘ شامل ہیں۔

یہ البم عاصم اظہر کا پہلا انڈیپنڈنٹ میوزک البم ہے، اس سے پہلے وہ بڑے لیبلز کے تحت ہٹ سنگلز اور کولیبوریشنز کر چکے ہیں اور یہ قدم ان کی تخلیقی اور ذاتی آزادی کی نمائندگی کرتا ہے۔

گلوکار نے اعلان کیا کہ ان کا پہلا البم ’عاصم علی‘ 24 نومبر 2025 کو ریلیز کیا جائے گا۔

Leave a Reply