16 ارب روپے کی غیر مجاز ادائیگیوں کا الزام، سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کیخلاف مقدمہ درج

سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف آئی اے) شبر زیدی پر 16 ارب روپے کی غیر مجاز ادائیگیوں کے الزام پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے شبر زیدی پر بطور چیئرمین ایف بی آر اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام کے تحت مقدمہ کا اندارج کیا۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی میں درج ایف آئی آر کے مطابق شبر زیدی نے بطور چیئرمین 16 ارب روپے کی غیر مجاز ادائیگیاں کیں، متن کے مطابق مبینہ طور پر رقم شبر زیدی کے کلائنٹ کو ری فنڈ کی مد میں دی گئی۔

درج ایف آئی آر میں کہا گیا کہ مذکورہ رقم حبیب بینک، اینگرو، ڈی جی خان سیمنٹ سمیت دیگر کمپنیوں کو دی گئی، مزید کہا گیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور بینک حکام نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2019 کو سابق وزیراعظم عمران خان نے شبر زیدی کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق چند ماہ عہدے پر برقرار رہنے کے بعد شبر زیدی جنوری 2020 میں طبعیت ناساز ہونے پرغیرمعینہ مدت کے لیے چھٹیوں پر چلے گئے تھے۔

تاہم 4 جولائی 2020 کو وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے نئی چیئرپرسن ایف بی آر کی سمری کی منظوری دیتے ہوئے شبر زیدی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹاکر نوشین جاوید امجد کو نیا چیئرپرسن تعینات کردیا تھا۔

Leave a Reply