کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں قائم ٹائروں کے گودام میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی ہے، جس بجھانے کا عمل کئی گھنٹوں سے جاری ہے، آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ ناردرن بائی پاس پر مواچھ گوٹھ میں تقریبا 2 ہزار گز پر قائم ٹائروں کے گودام میں آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، جس نے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ترجمان ریسکیو کے مطابق کھلے میدان میں تیز ہوا، آگ کی شدت میں اضافے اور پھیلنےکا سبب بن رہی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے آگ پر مکمل قابو پانے میں مزید 24 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
ریسکیو 1122 کی انچارج فائر آپریشن لبنیٰ فضل کے مطابق آگ نے متصل گودام کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کی 22 گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں، ٹائر گودام میں لگنے والی آگ بجھانےکے لیے گزشتہ8 گھنٹوں سے آپریشن جاری ہے، آتشزدگی کو کنٹرول کرنے کے لیے متاثرہ گودام کے اطراف قائم باؤنڈری وال کو گرایا جا رہا ہے۔
ساتھ ہی متاثرہ گودام میں 3 طرف سے آگ کو بجھانے کے لیے کوشش جاری ہے جب کہ آگ پر قابو پانے کے لیے پانی کے ساتھ فوم کا استعمال بھی شروع کر دیا گیا۔
فائر بریگیڈ حکام نے مزید بتایا کہ آگ کی شدت کے باعث اس پر قابو میں وقت درکار ہے، دوسری جانب واٹر کارپوریشن نے شہر بھر کے ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

 
                     
                    