اسلام آباد •••• عقوبت خانہ چلانے والا انسپکٹر نوکری سے فارغ

اسلام آباد میں CIA کے اندر عقوبت خانہ چلانے والا کرپٹ انسپکٹر نواز گوندل معطل

تفصیلی نیوز رپورٹ:
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — وفاقی دارالحکومت کے تھانہ نون ہومی سائیڈ یونٹ میں تعینات انسپکٹر نواز گوندل کو قتل کے مقدمے میں تفتیش خراب کرنے اور بھاری رشوت لینے کے سنگین الزامات پر معطل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق انسپکٹر نواز گوندل کے خلاف متعدد شکایات موصول ہوئیں جن میں الزام تھا کہ وہ بے گناہ شہریوں کو اٹھا کر حبس بےجا میں رکھتا اور بھاری رقم وصول کر کے ان کی رہائی عمل میں لاتا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں سے وصول کی گئی رقوم تاحال برآمد نہیں ہو سکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انسپکٹر کے زیر انتظام ایک غیر قانونی عقوبت خانہ بھی قائم تھا جہاں مبینہ طور پر شہریوں پر تشدد کیا جاتا تھا۔ واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد پولیس کے اعلیٰ حکام نے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر نواز گوندل کو معطل کر کے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق "ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں جو وردی کے وقار کو داغدار کریں۔ اگر الزامات ثابت ہوئے تو سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔”

ذرائع نے مزید بتایا کہ انکوائری ٹیم متاثرہ شہریوں کے بیانات قلم بند کر رہی ہے جبکہ رشوت کی رقم اور غیر قانونی سرگرمیوں کے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔

Leave a Reply