علی ترین کی طرح پی ایس ایل کو بدنام نہیں کرسکتا، سلمان نصیر

پاکستان سپر لیگ کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی ای او) سلمان نصیر نے کہا ہے کہ وہ ملتان سلطان کے مالک علی ترین کی طرح پی ایس ایل کو بدنام نہیں کرسکتے، ان سے جو بات ہوگی بند کمرے میں ہوگی جبکہ فیملی میں معاملات خراب ہوں تو بند کمرے میں ہی معاملات طے ہوتے ہیں۔

کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی موجودہ 6 فرنچائزز کی ازسرِ نو قیمت کا تعین مکمل ہونے کے قریب ہے، جس کے بعد موجودہ ٹیم مالکان کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ نئی قیمت کے مطابق اپنی ملکیت برقرار رکھیں یا دستبردار ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد آڈیٹرز ارنِسٹ اینڈ ینگ اس ہفتے حتمی ویلیوایشن رپورٹ جمع کرائیں گے، جو اگلے 10 سالہ توسیعی معاہدے کے لیے ایک نیا بینچ مارک طے کرے گی، جب یہ رپورٹ تیار ہوجائے گی تو ہر وہ فرنچائز، جو اپنے معاہداتی تقاضوں پر مکمل عمل کر رہی ہے، کو نئی ویلیوایشن کے اعدادوشمار فراہم کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ معاہدوں کے تحت، انہیں اگلی 10 ایڈیشنز کے لیے انہی ویلیوایشن کی بنیاد پر ’فرسٹ رائٹ آف رینیول‘ حاصل ہوگا، اس کے بعد اگر کوئی فرنچائز تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کرتی ہے تو اس ٹیم کے حقوق اوپن پراسیس کے ذریعے پیش کیے جائیں گے، جہاں نئے سرمایہ کار اپ ڈیٹڈ ڈھانچے کے تحت شامل ہوسکیں گے۔

سلمان نصیر نے بتایا کہ 2 نئی فرنچائزز اوپن نیلامی کے ذریعے دی جائیں گی، جہاں بولی دہندگان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے تیار کردہ شہروں کے انتخابی پول سے شہر منتخب کریں گے تاکہ جغرافیائی توازن برقرار رکھا جاسکے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ پی ایس ایل کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ماتحت ایک علیحدہ ادارے کے طور پر رجسٹر کیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران ملتان سلطانز کے مالک علی ترین سے متعلق سوال وہ گول کر گئے، مختصر جواب میں کہا کہ وہ پی ایس ایل کو بدنام نہیں کرسکتے یہ ہماری اپنی برانڈ ہے۔

مزید کہا کہ فیملی میں اگر حالات خراب ہوتے ہیں تو پھر بند کمرے میں معاملات طے ہوتے ہیں یہاں بات نہیں کرنا چاہتا، اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ وہ علی ترین کی طرح پی ایس ایل کو بدنام نہیں کرسکتے۔

سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کووڈ میں بھی چلتی رہی، جنگ میں بھی چلتی رہی، ہم نے سب حالات دیکھ لیے ہیں، کسی ایک شخص کے ہونے نہ ہونے سے پی ایس ایل بند نہیں ہوگی، بقیہ دو ٹیموں کو ہاتھوں ہاتھ لینے کے لیے لوگ کھڑے ہیں۔

سلمان نصیر نے فینز کو یقین دلایا کہ پی ایس ایل کے میچز اس بار فیصل آباد اور پشاور میں بھی کرانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔

Leave a Reply