خیبرپختونخوا: انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست تیار، سر کی قیمت 3 کروڑ تک مقرر

خیبرپختونخوا کے مطلوب اشتہاری دہشت گردوں کی فہرست تیار کرلی گئی، یہ فہرست صوبائی انتظامیہ اور حساس اداروں نے مل کر تیار کی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی تیار کردہ فہرست وفاقی وزارت داخلہ کو موصول ہوگئی ہے، فہرست میں 1349 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے کوائف شامل ہیں جب کہ فہرست میں شامل دہشت گردوں کے سر کی قیمت بھی مقرر ہے۔

خیبرپختونخوا کے مطلوب اشتہاری دہشت گردوں کی فہرست صوبائی انتظامیہ اور حساس اداروں نے مل کر تیار کی ہے۔

وزارت داخلہ کو موصول فہرست میں 59 دہشت گردوں کی سر کی قیمت ایک سے 3 کروڑ روپے تک مقرر کی گئی ہے جب کہ کرم کے کاظم خان کے سر کی قیمت 3 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح، دہشت گردوں کے کمانڈر امجد اللہ کے سر کی قیمت 2 کروڑ روپے اور باجوڑ کے مولوی فقیر محمد کے سر کی قیمت ڈیڑھ کروڑ مقرر کی گئی ہے، فہرست میں شامل دہشت گردوں کا تعلق پشاور، ڈیرہ اسمٰعیل خان، سوات و دیگر علاقوں سے ہے۔

واضح رہے کہ 15 ستمبر 2025 کو خیبرپختونخوا میں ایک ہزار 351 خطرنک اور انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا جن کے سروں کی قیمت مجموعی طور پر 4 ارب 14 کروڑ 10 لاکھ روپے مقرر کردی گئی تھی۔

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا نے ایک ہزار 351 خطرناک اور انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست محکمہ داخلہ کو ارسال کی تھی۔

Leave a Reply