وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر سمیت نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے 4 مبینہ کرپٹ افسران کو گرفتار کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ہونے والوں میں این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری سرفراز سمیت چار افسران شامل ہیں، جنہیں اختیارات کے ناجائز استعمال اور رشوت لینے کے الزامات پر گرفتار کیا گیا ہے۔
مزید بتایا کہ ملزمان کو ایف آئی اے کی جانب سے منگل کو لاہور کی ضلع کچہری عدالت میں پیش کیا جائے گا، ملزمان کی جانب سے سینئر وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق عدالت میں پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ آج ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے لاہور سے 5 اور اسلام آباد سے ایک افسر لاپتا ہونے کے بعد ہیڈآفس سمیت این سی سی آئی اے کے تمام دفاتر کی صورتحال خراب ہوچکی ہے، بعض افسران کے خود سے غائب ہونے اور بیرون ملک جانے کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں۔
ڈان نیوز نے بتایا تھا کہ این سی سی آئی فیصل آباد، لاہور، ملتان ، راولپنڈی اور ہیڈآفس کے 12 سے 15 افسران دفاتر نہیں آ رہے، بعض افسران کے بارے میں معلوم ہو رہا ہے کہ وہ بیرون ملک جا چکے ہیں اور بعض جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔
مزید رپور تکیا تھا کہ این سی سی آئی کے ہیڈآفس میں 4 افسران گزشتہ 3 ہفتے سے دفتر نہیں آ رہے، ایک ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز اور سابق ایس ایچ او کے فرانس جانے کی اطلاعات ہیں جبکہ ایک اور افسر نے 2 ہفتے کی چھٹی لی ہے اور وہ اس وقت امریکا میں ہیں۔
