ماڈل، اداکارہ و میزبان آمنہ شیخ نے اپنی ذاتی زندگی اور شادی کے تجربات کے حوالے سے کہا ہے کہ دوسری شادی والدین کی رضامندی سے ہوئی اور لڑکیوں کو تنہا شادی کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔
آمنہ شیخ نے حال ہی میں ’فوشیا میگزین‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر کے حوالے سے تفصیلات بتائیں۔
اداکارہ نے کہا کہ بیٹی کی پیدائش کے فوراً بعد انہوں نے اداکاری سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ پندرہ سال سے مسلسل کام کر رہی تھیں اور اس وقت زندگی کے حالات بھی کچھ ایسے تھے کہ انہیں اندرونی طور پر تھکن محسوس ہو رہی تھی۔
آمنہ شیخ کے مطابق اداکاری سے وقفہ لینے سے قبل وہ زندگی کے بہت مشکل دور سے گزر رہی تھیں، ان کی پہلے شوہر سے علیحدگی ہو چکی تھی اور بیٹی بہت چھوٹی تھی جسے ان کی ضرورت تھی، اس لیے انہوں نے بیٹی کی پرورش کے لیے کام سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ وہ ایک مشکل دور سے گزر کر اللہ تعالیٰ کی مدد سے خوشگوار حالات میں آئی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ اداکاری سے وقفہ لینے کے بعد انہوں نے فیملی کے مشورے سے دوبارہ زندگی شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور دبئی شفٹ ہو گئیں، جس نے ان کی زندگی پر مثبت اثر ڈالا۔
انہوں نے اپنی پہلی شادی کے بارے میں کہا کہ وہ مکمل طور پر اپنی مرضی سے کی تھی اور والدین کی رائے شامل نہیں تھی، جب کہ دوسری شادی والدین کی رضامندی سے ہوئی اور ان کے لیے یہ ایک مثبت تجربہ رہا۔
ان کے مطابق اگر وہ پہلے والدین کو فیصلہ کرنے کا موقع دیتیں تو شاید وہ اسی قسم کا شخص ان کے لیے منتخب کر لیتے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ لڑکیاں جب کبھی بھی کسی کے لیے اپنے دل میں جذبات محسوس کریں تو فوری فیصلہ نہ کریں، بلکہ سامنے والے کی شخصیت کا جائزہ لیں اور والدین کی رائے بھی لیں۔
یاد رہے کہ آمنہ شیخ کی پہلی شادی اداکار محب مرزا سے 2005 میں ہوئی تھی اور ان کے ہاں 2015 میں بیٹی پیدا ہوئی، چند سال بعد جوڑے کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے اور 2019 کے آغاز میں ان کی طلاق کی خبریں سامنے آئیں۔
محب مرزا نے سال کے آخر تک علیحدگی کی تصدیق کی، آمنہ شیخ نے اگست 2020 میں عمر فاروقی سے دوسری شادی کی اور ستمبر 2021 میں ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی۔
اسی دوران محب مرزا نے 2023 میں اداکارہ و ماڈل صنم سعید سے دوسری شادی کی، جن کی پہلی شادی بھی طلاق پر ختم ہوئی تھی اور اس سال ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
