ویمنز ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل، بھارتی ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست دے کر چوتھی ٹیم بن گئی

ویمنز ورلڈ کپ کے بارش سے متاثرہ 24ویں میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 53 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ، بھارت سے قبل آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور برطانیہ کی ٹیمیں پہلے ہی ٹاپ فور میں جگہ بنا چکی ہیں۔

ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے 325 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیویز ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز ہی بنا سکی، بارش کی وجہ سے بارہا متاثر ہونے والے میچ میں میزبان ٹیم نے مقررہ 49 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بنائے، جسے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 44 اوورز میں 324 رنز طے کیا گیا۔

نیوزی لینڈ کی بیٹرز نے 59 رنز پر 3 کھلاڑیوں آؤٹ ہونے کے باوجود بھرپور مزاحمت کی اور ہدف حاصل کرنے کے لیے مڈل آرڈر بیٹرز نے برق رفتاری سے رنز بھی بنائے، تاہم وقفے وقفے سے گرنے والوں وکٹوں نے مہمان ٹیم کے لیے ہدف کا حصول ناممکن بنا دیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بروک ہالیڈی 81 رنز بنا کر نمایاں رہیں، ایزبیل گاز نے 51 گیندوں پر 61 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

بھارتی باؤلر رینوکا سنگھ اور کرانتی گاؤ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، بھارت کی جانب سے تینوں ٹاپ آرڈر بیٹرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پرتیکا روال نے 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے شاندار 122 رنز کی اننگز کھیلی۔

سمرتی مندھانا نے ایک بار پھر تجربہ کار بیٹر ہونے کا ثبوت دیا، بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والی بیٹر نے 95 گیندوں پر 109 رنز کی خوبصورت اننگز کھیلی، جمیمہ راڈریگز نے بھی 76 رنز بنا کر بلیو ٹیم کے ہدف کو مزید بڑا کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے 3 باؤلرز نے ایک،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Leave a Reply