آسٹریلیا نے تین میچوں کے سیریز کے دوسرے مقابلے میں میتھو شارٹ کی پراعتماد 74 رنز کی اننگز اور کوپر کونولی کی ڈیبیو پر نصف سنچری کی بدولت بھارت کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں کامیابی حاصل کرلی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر کپتان روہت شرما کی 73 رنز کی اننگز کی بدولت 264 رنز بنائے، جواب میں میزبان ٹیم نے 22 گیندیں قبل ہدف حاصل کر لیا۔
میتھو شارٹ کو دو بار موقع ملا، تاہم انہوں نے اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ مچ اوون نے 36رنز بنائے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے پرتھ میں بارش سے متاثرہ پہلے میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی، جب کہ سیریز کا آخری اور غیر اہم میچ ہفتے کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے کہا کہ یہ زبردست ہے، سیریز جیت کر بہت خوشی ہوئی، مزید کہنا تھا کہ (جوش) ہیزل ووڈ لاجواب تھے، پوری باؤلنگ لائن نے وکٹیں لینے کی کوشش جاری رکھی اور بیٹنگ بھی شاندار رہی، ہم اس فتح کا خوب لطف اٹھائیں گے۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے محتاط آغاز کیا، مارش 11 رنز بنا کر ارشدیپ سنگھ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ٹریوس ہیڈ بھی 28 رنز پر ہرشت رانا کی گیند پر ویرات کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
شارٹ نے میٹ رینشا کے ساتھ تیز سنگلز لیتے ہوئے 55 رنز کی شراکت قائم کی، رینشا 30 رنز پر اکشر پٹیل کی گیند پر بولڈ ہوئے، جبکہ الیکس کیری واشنگٹن سندر کی گیند پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
شارٹ نے تیسری ون ڈے نصف سنچری مکمل کی، مگر ہرشت رانا کی گیند پر باؤنڈری لائن کے قریب کیچ ہو گئے۔
اوون نے دو چوکے اور تین چھکے لگا کر رن ریٹ برقرار رکھا، آخری 10 اوورز میں 50 رنز درکار تھے جو کچھ مشکلات کے باوجود حاصل کر لیے گئے۔
بھارتی کپتان شبمن گل نے کہا کہ میرے خیال میں ہمارے پاس کافی رنز تھے، لیکن جب آپ دو تین آسان کیچ چھوڑ دیتے ہیں تو ایسے مجموعے کا دفاع کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وکٹ پر شروع میں کچھ مدد تھی، لیکن جیسے جیسے گیند پرانی ہوئی، بیٹنگ آسان ہو گئی۔
اس سے قبل جوش ہیزل ووڈ نے ابتدائی 13 گیندوں پر کوئی رن نہیں دیا، مگر آسٹریلیا کے لیے پہلا شکار زیویر بارٹلیٹ نے کیا، انہوں نے شبمن گل کو مارش کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
پرتھ میں صفر پر آؤٹ ہونے والے ویرات کوہلی اس بار بھی صرف چار گیندوں بعد بارٹلیٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اور بھارت 17-2 پر مشکلات میں آ گیا، یہ پہلا موقع تھا کہ کوہلی اپنی ون ڈے کیریئر میں لگاتار دو مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔
روہت شرما نے دباؤ برداشت کیا اور اپنی 59ویں نصف سنچری مکمل کی، شریاس آئیر (61) نے ان کا اچھا ساتھ دیا، مگر مچل اسٹارک نے 118 رنز کی شراکت کا اختتام کر دیا۔
اسٹارک نے اپنے دوسرے اسپیل کی پہلی اوور میں روہت کو آؤٹ کیا، جبکہ ہیزل ووڈ نے ان کا شاٹ باؤنڈری کے قریب پکڑا، تین اوور بعد زیمپا نے ائیر کو آؤٹ کیا، اور ساتھ ہی کے ایل راہل (11)، اکشر پٹیل (44) اور نتیش کمار ریڈی (8) کو بھی پویلین بھیجا۔
