راولپنڈی ٹیسٹ: کگیسو ربادا نے 119 سالہ ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کر دی

جنوبی افریقی کرکٹر کگیسو ربادا نے ٹیسٹ کرکٹ میں 119 سالہ ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا جب بلے بازی کے لیے میدان میں اُترے تو اس وقت کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے بیٹر 119 سالہ ریکارڈ توڑ کر اپنے نام کر لیں گے۔

کگیسو ربادا نے 61 گیندوں پر نہ صرف 71 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر جنوبی افریقی ٹیم کو مشکل صورتحال سے باہر نکالا بلکہ سینوران متھوسوامے کے ساتھ بروقت 98 رنز کی پارٹنر شپ سے پاکستان کے خلاف 71 رنز کی اچھی لیڈ لینے میں بھی مدد فراہم کی۔

کگیسو ربادا نے 71 رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ میں 11ویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے بیٹرز میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں، جس میں ایشز سیریز کے مشہور ایشٹن ایگر کے 98 رنز تاحال سر فہرست ہیں، تاہم کگیسو ربادا نے جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ کرکٹ کا 119 سالہ ریکارڈ توڑ کر اپنے نام کر لیا ہے۔

کگیسو ربادا سے قبل 1906 میں جنوبی افریقہ کے لیے گیاروں نمبر پر بیٹر ’برٹ واگلر‘ نے انگلینڈ کے خلاف 62 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔

واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان نے 333 رنز بنائے، کپتان شان مسعود نے شاندار 87 رنز کی اننگز کھیلی، سعود شکیل 66 اور عبداللہ شفیق 57 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پروٹیز باؤلر کیشو مہاراج نے 102 رنز کے عوض عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتےہوئے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان کی پہلی اننگز کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 404 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، 235 رنز پر 8 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد جب پاکستان کی اچھی سبقت کی امید لگائی جا رہی تھی۔

وہیں سینوران متھوسوامے نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، جب کہ کگیسو ربادا نے بھی 71 رنز بنا کر پاکستان کے خلاف 71 رنز کی لیڈ حاصل کرنے میں بھرپور ساتھ دیا۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے 38 سالہ لیفٹ آرم اسپنر آصف آفریدی نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نعمان علی نے 2، ساجد خان اور شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بنا لیے ہیں، گرین شرٹس کو پروٹیز کیخلاف 23 رنز کی معمولی برتری حاصل ہو گئی، ٹاپ آرڈر بیٹر بابر اعظم 49 رنز بنا کر جب کہ محمد رضوان 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

Leave a Reply