ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تہران اپنی جوہری تنصیبات کو زیادہ طاقت کے ساتھ دوبارہ تعمیر کرے گا، اور یہ کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
امریکہ کی جانب سے جوہری تنصیبات پر مزید حملوں کی دھمکی کے باوجود ایران نے اپنے موقف میں کوئی نرمی نہیں دکھائی، اور کہا کہ تباہ شدہ عمارات اور فیکٹریوں کو دوبارہ تعمیر کر کے ہم اپنی قوت کو مزید مستحکم کریں گے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک اپنی جوہری تنصیبات کو زیادہ طاقت کے ساتھ دوبارہ تعمیر کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے جون میں کیے گئے فضائی حملے ہمارے لیے کوئی نئی بات نہیں ہم اپنی تباہ شدہ عمارات کو دوبارہ تعمیر کر کے پہلے سے بھی زیادہ طاقتور بنیں گے۔
یاد رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو متنبہ کیا تھا کہ اگر ایران اپنے جوہری پروگرام کی بحالی کی کوشش کرتا ہے تو وہ اس کے جوہری مقامات پر مزید حملے کرنے کا حکم دیں گے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کا جوہری پروگرام جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے تھا، جس کا ایران نے سختی سے انکار کیا ہے۔
مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ایران کا جوہری پروگرام صرف اور صرف عوامی مفاد اور صحت کے مسائل کے حل کے لیے ہے، نہ کہ جوہری ہتھیار بنانے کے لیے۔
