ماضی میں پی کے ایل آئی ہسپتال کو تباہ کرنے کی مزموم سازشیں ہوتی رہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ ماضی میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) ہسپتال کو تباہ کرنےکی مزموم سازشیں ہوتی رہی ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کے جگر کی پیوندکاری کے ایک ہزار کامیاب آپریشنز کا سنگ میل عبور کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کےفضل و کرم سے جو پودا 2017 میں لگایا تھا وہ آج تناور درخت بن گیا ہے، پی کے ایل آئی میں 2017 سے اب تک 40 لاکھ مریض مستفید ہو چکے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کے بورڈ کو ماضی میں ختم کر کے ادارے کو غیر فعال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 2022 میں جب وزیراعظم کا منصب سنبھالا تو پی کے ایل آئی کی ازسر نو بحالی پر کام شروع کیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انسانیت کی خدمت کے لیے قائم اس ادارے کو اپنی بھرپور استعداد پر دوبارہ لانے کے لیے بھرپور محنت کی، جو کہ قابل ستائش ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پی کے ایل آئی 80 فیصد مریضوں کاعلاج مفت کرتا ہے جس سےغریب عوام بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے مستفید ہوتے ہیں، اس ادارے کے قیام اور اس کے آپریشنز کو ازسر نو شروع کر کے دوبارہ سے اپنی بھرپور استعداد پر لانےکے لیے محنت کرنے والی ٹیم لائق تحسین ہے۔

شہباز شریف نے آخر میں کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور زندگیاں بچانے میں پی کے ایل آئی نے جو کردار ادا کیا ہے، اس کے لیے ڈاکٹر سعید اختر اور اُن کی پوری ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے۔

Leave a Reply