عبوری نتائج کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے حمایت یافتہ وکلا نے خیبر پختونخوا بار کونسل کی 28 میں سے کم از کم 12 نشستیں جیت لی ہیں اور یکم نومبر کو صوبے بھر میں ہونے والے انتخابات میں دیگر گروپس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اتوار (2 نومبر) کو جاری ہونے والے غیر سرکاری نتائج سے ظاہر ہوا کہ پشاور کی 7 میں سے 6 نشستوں پر اے این پی کے ذیلی وکلا گروپ ’ملگری وکیلان‘ کے 3 امیدوار، پی ٹی آئی وکلا ونگ کے 2 امیدوار اور ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوئے، ساتویں نشست کے نتائج کے بارے میں آخری اطلاعات تک متضاد رپورٹس موصول ہو رہی تھیں۔
پشاور سے کامیاب ہونے والوں میں ملگری وکیلان کے خضر حیات خزانہ، فضلِ وحید اور بابر خان یوسفزئی، انصاف لائرز فورم کے علی زمان اور صوفیہ نُورین اور آزاد امیدوار محمد سعید شامل ہیں۔
جہاں تک ساتویں نشست کے فاتح کا تعلق ہے، ابتدائی طور پر ملگری وکیلان کے رفیق محمند کی کامیابی کی اطلاع ملی تھی، تاہم بعد میں ایک خاتون امیدوار خوشنود ذاکر اللہ کی کامیابی کی رپورٹس بھی سامنے آئیں، انتخابات کے سرکاری نتائج 4 نومبر کو جاری کیے جائیں گے۔
خیبر پختونخوا کے چیئرمین بار کونسل اور ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل عثمان خیل نے انتخابات میں ریٹرننگ آفیسر کی زمہ داریاں نبھائیں۔
دیگر شہروں کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق نوشہرہ میں آزاد امیدوار فدا آفریدی نے کامیابی حاصل کی، مردان میں ملگری وکیلان کے زربد شاہ اور اسلامی لائرز فورم کے اسفندیار کامیاب ہوئے، جبکہ صوابی میں ملگری وکیلان کے سید مبشر شاہ فاتح قرار پائے۔
اسی طرح پیپلز لائرز فورم کے سعید حکیم نے بونیر اور ملاکنڈ کی مشترکہ نشست جیت لی، سوات میں ملگری وکیلان کے عنایت خان کامیاب ہوئے، جبکہ شانگلہ میں جمعیت لائرز فورم کے فواد خان نے کامیابی حاصل کی، ایبٹ آباد میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت یافتہ محمد علی خان اور آزاد امیدوار شاہ فیصل کامیاب ہوئے۔
مانسہرہ سے انصاف لائرز فورم کے وقاص رضا اور جمعیت لائرز فورم کے وقار الملک کامیاب ہوئے، جبکہ ہری پور کی نشست اے این پی کے حمایت یافتہ شاہد محمود نے جیت لی۔
ڈیرہ اسماعیل خان سے پیپلز لائرز فورم کے حمایت یافتہ حشمت خان اور احمد علی کامیاب ہوئے، جبکہ لکی مروت میں انصاف لائرز فورم کے فاروق صابر نے کامیابی حاصل کی۔
کراک میں ملگری وکیلان کے احمد فاروق خٹک فاتح قرار پائے، کوہاٹ میں اے این پی کے حمایت یافتہ عماد اعظم کامیاب ہوئے، بنوں میں ملگری وکیلان کے شاہ حسین نے نشست جیت لی، چترال اپر و لوئر سے اسلامی لائرز فورم کے اکرام حسین کامیاب ہوئے، جبکہ دیر اور باجوڑ کی مشترکہ نشست ملگری وکیلان کے شاہ فیصل یوسفزئی نے جیت لی۔
