بابراعظم نےٹی 20 میں تاریخ رقم کردی، روہت شرما کا ریکارڈ توڑ کر سب سے رنز بنانے والے بیٹر بن گئے

قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں تاریخ رقم کردی ہے، دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بیٹر سابق بھارتی کپتان روہت شرما کا ریکارڈ توڑ کر سب سے رنز بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں بابر اعظم نے 11 رنز بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا، سابق کپتان نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ 4 ہزار 234 رنز بنا کر یہ ریکارڈ قائم کیا، انہوں نے یہ اعزاز صرف 123 میچز میں اپنے نام کیا۔

بابر اعظم نے اپنے ٹی 20 کرکٹ میں 3 سنچریاں اور 36 ففٹیز بھی بنائیں، جبکہ اس دوران اُن کا اسٹرائیک ریٹ 128.77 رہا۔

اس سے قبل مختصر فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ روہت شرما کے پاس تھا، جنہوں نے 159 میچز میں 4 ہزار 231 رنز بنا کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی ٹی 20 کرکٹ کی 117 اننگز میں 4 ہزار 188 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر ہیں، سابق انگلش کپتان جو بٹلر 132 اننگز میں 3 ہزار 869 رنز بنا کر چوتھے نمبر پر جب کہ آئر لینڈ کے پال اسٹرلنگ 3 ہزار 710 رنز بنا کر پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے مہمان ٹیم جنوبی افریقہ کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلےگئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کا 111 رنز کا معمولی ہدف 14ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، اوپنر بیٹر صائم ایوب نے ناقابل شکست 71 رنز کی اننگز کھیلی، باؤلنگ میں فہیم اشرف نے 23 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فاسٹ باؤلر سلمان مرزا نے14 رنز دے کر 3 شکار کیے، نسیم شاہ 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

Leave a Reply