حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت 2 روپے 43 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 265 روپے 45 پیسے کر دی گئی۔

اسی طرح ڈیزل کی قیمت 3 روپے 2 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی ہے، جس کے بعد فی لیٹر ڈیزل 278 روپے 44 پیسے میں دستیاب ہوگا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گیا۔

واضح رہے کہ ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ڈیڑھ روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے، جو یکم تا 15 نومبر کی مدت کے لیے جمعہ سے نافذ ہوگا، یہ اضافہ عالمی منڈی میں معمولی اتار چڑھاؤ کے باعث کیا جائے گا۔

زیادہ تر ٹرانسپورٹ سیکٹر ڈیزل پر انحصار کرتا ہے اور اس کی قیمت میں اضافہ مہنگائی بڑھانے والا عنصر سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ بھاری گاڑیوں، ٹرینوں، زرعی مشینوں، ٹریکٹروں، ٹیوب ویلوں اور تھریشرز میں استعمال ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں سبزیوں اور دیگر غذائی اشیا کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اگرچہ جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) تمام پیٹرولیم مصنوعات پر صفر فیصد ہے، مگر حکومت پیٹرول لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی (سی ایس ایل) کے تحت ڈیزل پر 79.50 روپے اور پیٹرول و ہائی آکٹین پر 80.52 روپے فی لیٹر چارج کر رہی ہے، جس میں ڈھائی روپے فی لیٹر سی ایس ایل بھی شامل ہے۔

Leave a Reply