صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا، شمالی وزیرستان اور ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، جو پاکستان کے امن و استحکام کے لیے دہشت گردوں کے خلاف عزم و حوصلے کے ساتھ برسرِپیکار ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی پشت پناہی یافتہ فتنہ الخوارج کو شکست دینا پاکستان کے امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
صدر نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر پوری قوم اپنی افواجِ پاکستان پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر آصف علی زرداری نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان اپنے دفاع، خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وطنِ عزیز کو دہشت گردی اور ہر قسم کے فتنے سے محفوظ رکھے۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع شمالی وزیرستان اور ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے تین دہشت گردوں کے ہلاک ہونے پر فورسز کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عزمِ استحکام میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا تاکہ پاکستان میں امن و ترقی کا تسلسل برقرار رہے۔
