کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) نے سونے کی درآمد و برآمد پر پابندی کے خاتمے، میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کیلئے 2.5 ارب روپے کی فراہمی کئی منصوبوں کے لیے رقوم کی منظوری دے دی۔
ڈان نیوز کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہوا جس میں سونےکی برآمد و درآمد پرپابندی ہٹانے اور سونےکی تجارت سےمتعلق معطل شدہ ایس آر او بحال کرنےکی منظوری دی گئی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ای سی سی نے قیمتی دھاتوں و زیورات کی برآمد و درآمد کے لیے موجودہ فریم ورک برقرار رکھنے کی منظوری دے دی۔
ای سی سی نے درآمدی پالیسی میں پری شپمنٹ انسپیکشن نظام بہتر بنانے کی بھی منظوری دی جبکہ بیگیج اور ٹرانسفر اسکیم کے تحت گاڑیوں کی درآمدی اسکیم سے متعلق تجاویز پر مزید مشاورت کی ہدایت کردی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کیلئے 2.5 ارب روپے اور ایف ڈبلیو او کے اوور ڈرافٹ کلیئرنس کیلئے رقم کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے اخراجات کیلئے الیکشن کمیشن کے لیے 45 کروڑ60 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی جبکہ پاکستان منٹ کالونی میں بجلی کے میٹرز کی تنصیب کیلئے 11 کروڑ 21 لاکھ روپے منظور کیے گئے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں رینجرز ہیلی کاپٹر پرزہ جات کیلئے 2 کروڑ 15 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مہنگائی کے رجحانات اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ وزیر خزانہ نے قیمتوں کے استحکام اور عوام کی قوتِ خرید کے تحفظ پر زور دیا۔
ای سی سی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب سے زرعی پیداوار متاثر ہوئی ہے اور ستمبر میں مہنگائی 5.6 فیصد تک جا پہنچی ہے، مرغی، چاول اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ چینی، گوشت اور گھی مہنگا ہو اہے۔
ای سی سی نے خوردنی تیل اور گھی سیکٹر میں ممکنہ گٹھ جوڑ کی تحقیقات کا حکم جاری کیا اور
رمضان المبارک میں قیمتوں کے استحکام کے منصوبے کی تیاری کی ہدایت کردی۔
اعلامیہ کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے صوبوں کو مارکیٹ مانیٹرنگ کیلئے ادارہ شماریات کے سسٹم کے استعمال کی ہدایات بھی کیں۔
