انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کے چینلز کے لیے دلچسپ فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق جلد ہی صارفین چینل کو زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے نئے فیچر کا استعمال کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ چینلز پر دوسروں کو چینل کو فالو کرنے کی دعوت دینے کے فیچر کی محدود پیمانے پر آزمائش شروع کردی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ فیچر کے تحت واٹس ایپ چینل کے ایڈمن اپنے کانٹیکٹس میں شامل افراد کو چینل کو فالو کرنے کی دعوت بھیج سکیں گے۔
فیچر کے تحت ایڈمنز چینل سیٹنگ میں جاکر اپنے فون میں موجود نمبرز کو دعوت بھیج سکیں گے، انہیں اختیار ہوگا کہ وہ اپنی پسند کے نمبرز کا انتخاب کریں۔
ایڈمنز کی جانب سے دعوت نامہ بھیجے جانے کے بعد صارفین میسیج وصول کریں گے اور میسیج کو آسان طریقے سے کلک کرکے چینل کو فالو کر سکیں گے۔
مذکورہ فیچر ابھی ابتدائی آزمائش میں ہے اور جلد ہی اس تک مزید صارفین کو بھی رسائی دی جائے گی، جس کے بعد اسے متعارف کرایا جائے گا۔
