جسٹن ٹروڈو اور کیٹی پیری کے رومانوی تعلق کی باقاعدہ تصدیق، ویڈیو وائرل

سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور مشہور پاپ گلوکارہ کیٹی پیری نے اپنے رومانوی تعلقات کو باقاعدہ طور پر عوامی سطح پر تسلیم کر لیا، گلوکارہ کی سالگرہ کے موقع پر دونوں کو ایک ساتھ دیکھا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

ٹی ایم زیڈ کی رپورٹ کے مطابق دونوں کو ہفتے کے روز پیرس میں کیٹی پیری کی سالگرہ کے موقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا، جہاں دونوں انتہائی خوشگوار موڈ میں نظر آئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دونوں کو پیرس کے کریزی ہارس تھیٹر شو سے باہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا، جہاں ان کے ہاتھ ایک دوسرے کے ہاتھ میں تھے، اس دوران کیٹی پیری سرخ لباس میں ملبوس تھیں، جب کہ جسٹن ٹروڈو کالے رنگ کے لباس میں نظر آئے۔

اس موقع پر کیٹی پیری کو ان کی ایک مداح نے گلاب دے کر سالگرہ کی مبارکباد دی۔

پیپل میگزین کے مطابق ان دونوں کے رومانوی تعلقات کی افواہیں جولائی میں گردش کرنے لگیں تھیں جب دونوں مونٹریال کی گلیوں میں ساتھ نظر آئے تھے، اس وقت کیٹی پیری اپنے سابقہ منگیتر اورلینڈو بلوم سے علیحدہ ہو چکی تھیں، جب کہ جسٹن ٹروڈو دو سال سے طلاق یافتہ تھے۔

مزید برآں انہیں ستمبر میں کیلیفورنیا کے ساحل کے قریب ایک یاٹ پر پارٹی کرتے ہوئے دوسری بار دیکھا گیا۔

ایک ذرائع نے پیپل میگزین کو بتایا کہ دونوں کے درمیان ایک خاص قسم کا تعلق ہے اور وہ ایک دوسرے کے ساتھ خوش ہیں۔

کیٹی پیری اس وقت اپنے ’لائف ٹائمز ٹور‘ کے سلسلے میں پیرس میں موجود ہیں، جہاں وہ اپنے نئے البم ’143‘ کی تشہیر کر رہی ہیں، اس ٹور میں انہوں نے امریکا، کینیڈا اور آسٹریلیا کے مختلف شہروں میں پرفارمنس دی، جن میں مونٹریال میں ایک مکمل فروخت ہونے والا شو بھی شامل تھا، جس میں جسٹن ٹروڈو بھی موجود تھے۔

Leave a Reply