سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان میں فتنۃ الخوارج کی ایک بار پھر دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، اس دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 4 خودکش بمبار سمیت 25 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 24 اور 25 اکتوبر 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے پاک-افغان سرحد کے قریب فتنۃ الخوارج کے دو بڑے گروہوں کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے گھکی اور شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں ٹولیوں کی صورت میں دہشت گرد پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے دونوں گروہوں کے خلاف موثر انداز میں کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف ان کو روکا بلکہ دہشت گردوں کو ہلاک بھی کردیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں بھارتی پراکسی ’فِتنۃ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن میں 4 خود کش حملہ آور بھی شامل تھے۔
اسی طرح، کرم ضلع کے گھکی علاقے میں دراندازی کرنے والے مزید 10 خوارج کو بھی ہلاک کیا گیا، مارے گئے دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 5 بہادر سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا، شہید ہونے والوں میں 35 سالہ حوالدار منظور حسین، 23 سالہ سپاہی نعمان الیاس کیانی، 24 سالہ سپاہی محمد عادل، 25 سالہ سپاہی شاہ جہان، 25 سالہ
سپاہی علی اصغر شامل تھے۔
ترجمان پاک فوج کا بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم اور ثابت قدم ہیں، اور ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے وژن کے تحت اپنی انسدادِ دہشت گردی کی مہم کو بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے غیرملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ فِتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوششیں ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب پاکستان اور افغانستان کے وفود ترکی کے شہر استنبول میں مذاکرات کے دوسرے دور میں مصروف ہیں، جو عبوری افغان حکومت کے دہشت گردی کے مسئلے کے حل کے بارے میں ارادوں پر سوال اٹھاتی ہیں۔
پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ اپنی سرحدی انتظامات کو مؤثر بنائے اور دوحہ معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے افغان سرزمین کو خوارج کے ہاتھوں پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔
صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور ملکی دفاع میں جاں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آصف علی زرداری نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فتنۃ الخوارج اور ان کے بھارتی سرپرستوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، دہشت گردی کے خاتمے تک عزم استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیاں پر ہمیشہ فخر کرے گی، شہداء نے وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، افواج پاکستان مادر وطن کے دفاع میں سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع شمالی وزیرستان اور ضلع کرم میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے 25 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم نے ان آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کا کامیابی سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 5 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، شہدا کے بلندی درجات کے لئے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پاک افغان سرحد سے فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت اور جرات پر فخر ہے، اور وہ ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 4 خودکش بمباروں سمیت 25 خوارج کو جہنم واصل کیا، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 25 خوارجیوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر سکیورٹی فورسز نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے, قوم کو اپنی سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت اور جرات پر فخر ہے، اور وہ ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوتوں نے وطنِ عزیز پر اپنی جانیں نچھاور کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
