ویمنز ورلڈ کپ کے 23ویں میچ میں آسٹریلیا ویمنز ٹیم نے انگلینڈ ویمنز ٹیم کو 6 وکٹوں سے بآسانی شکست دے دی۔
بھارتی شہر اندور میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کا 245 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 41ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔
کینگروز کی جانب سے ایشلے گارڈنر نے شاندار 104 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، انہوں نے میدان کے چاروں اطراف 16 چوکے لگائے، انابیل سدرلینڈ نے بھی 98 رنز کی عمدہ ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ساتھی کھلاڑی کا بھرپور ساتھ نبھایا۔
سدر لینڈ کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل ہے، دونوں بیٹرز کی 180 رنز کی پارٹنر شپ کے باعث آسٹریلوی ٹیم کے لیے جیت کی راہ ہموار ہوئی۔
انگلینڈ کی جانب سے لنزے اسمتھ نے 2، صوفی ایکلیسٹون اور لورین بیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل، انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز اسکور کیے، ٹامی بومنٹ 105 گیندوں پر 78 رنز بنا کر نمایاں رہیں، ایلس کیپسے 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے انابیل سدرلینڈ نے بیٹنگ سے قبل باؤلنگ میں بھی اپنی مہارت دکھائی اور 60 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، صوفی مولونا اور ایشلے گارڈنر نے2،2 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پہلے ہی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے سیمی فائنل مقابلوں کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔
