سول آرمڈ فورسز کیلئے شہدا کے نئے معاوضہ پیکیج پر تاحال عمل درآمد نہ ہوسکا

سول آرمڈ فورسز کےلیے شہدا کے نئے معاوضہ پیکیج پرعمل درآمد نہیں ہوسکا، وزارت داخلہ کی جانب سے تاحال نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاسکا۔

ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ مطابق سول آرمڈ فورسز کےلیے وفاقی کابینہ کے منظور کردہ شہدا کے نئے معاوضہ پیکیج پر دو ماہ بعد بھی عمل درآمد نہیں ہوسکا کیونکہ وزارت داخلہ کی جانب سے تاحال اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاسکا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے26 اگست کو سول آرمڈ فورسز کےلیے نظرثانی شدہ شہدا پیکیج کا معاوضہ منظور کیا تھا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ اوراسٹبلشمنٹ ڈویژن نےڈرافٹ نوٹیفکیشن پر رائے دینے میں تاخیر کی، تاہم بہت جلد سول آرمڈ فورسز کے لیے شہدا پیکیج کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائےگا۔

ذرائع کے مطابق سول آرمڈ فورسز کےلیے شہداء پیکیج کے معاوضے میں 233 فیصد تک اضافے کا فیصلہ ہوا ہے، جس کے بعد پیکیج کے تحت کم سےکم معاوضہ بڑھ کر ایک کروڑ روپے ہوجائے گا جبکہ اس وقت پیکیج کا کم سےکم معاوضہ 30 لاکھ روپے ہے۔

نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد پیکیج کے تحت زیادہ سے زیادہ معاوضہ بڑھ کر 2کروڑ روپےہوجائےگا جو اس وقت ایک کروڑ روپے ہے۔

واضح رہے کہ سول آرمڈ فورسز میں پنجاب رینجرز، سندھ رینجرز، ایف سی نارتھ خیبرپختونخوا، ایف سی ساؤتھ خیبرپختونخوا، ایف سی نارتھ بلوچستان اور ایف سی ساؤتھ بلوچستان، پاکستان کوسٹ گارڈز، جی بی اسکاؤٹس اور فیڈرل کانسٹیبلری شامل ہیں۔

Leave a Reply