قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ میدان میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن مجھے پیغامات نہیں بھیجتے بلکہ میں خود فیصلے کرتا ہوں۔
راولپنڈی میں جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20 سیریز سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان قومی کرکٹ ٹیم سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، قومی ٹیم نے سہ ملکی سیریز جیتی اور ایشیا کپ کا فائنل کھیلا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ 2025 میں کافی کچھ سیکھنے کو ملا، ایشیائی ایونٹ میں ہونے والی غلطیوں سے سیکھ کر ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاری کریں گے، دوران میچ ہونے والی غلطیوں پر بات کرتے ہیں، کیونکہ ہم اُن غلطیوں کو دہرانا نہیں چاہتے۔
بابراعظم کی ٹی 20 ٹیم میں واپسی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کپتان نے کہا کہ ٹاپ آرڈر بیٹر کے پاس 100 سے زائد ٹی 20 میچز کھیلنے کا تجربہ ہے، بابراعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، پاکستان ٹیم میں اُن کی شمولیت سے فائدہ ہوگا۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ جس بھی گراؤنڈ میں جائیں، اس کا ریکارڈ دیکھتے ہیں، کوشش ہوتی ہے کہ گراؤنڈ کے اوسط اسکور سے زیادہ رنز کرنے کی کوشش کریں۔
انہوں نےکہا کہ بطور کپتان ٹیم سلیکشن میں میرے رائے لی جاتی ہے، اندازہ ہے کہ میری کارکردگی ابھی اچھی نہیں، کوشش ہوتی ہے ٹیم کو میچ میں فتح دلا سکوں۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ میری پہلی ترجیح بیٹنگ کی طرف ہوتی ہے، ٹی 20 میں ضرورت محسوس ہوئی تو باؤلنگ بھی کروں گا، بطور ٹیم ڈیتھ باؤلنگ میں بہتری اور بیٹرز کو اپنے اسٹرائیک ریٹ پر کام کرنا ہوگا۔
