ایران امریکا مذاکرات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر ’’اعتماد کے معمار‘‘ قرار
دستاویزی فلم میں اسلام آباد مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو تفصیل سے دکھایا گیا ہے۔
ریاض: سعودی عرب کے معروف نیوز ’’چینل العربیہ‘‘ نے اسلام آباد میں جاری ایران امریکا امن مذاکرات میں پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں ’’اعتماد کے معمار‘‘ کا خطاب دے دیا۔
العربیہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مذاکرات میں اعتماد سازی کی اہم ترین شخصیت قرار دیا جب کہ العربیہ نے اس حوالے سے ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی جاری کی ہے۔
— العربية (@AlArabiya) April 11, 2026
دستاویزی فلم میں اسلام آباد مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو تفصیل سے دکھایا گیا ہے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں اور اعتماد سازی کی کوششوں کو نمایاں کیا گیا ہے۔
العربیہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک قابل اعتماد ثالث ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے جس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی اسپیکر باقر قالیباف شریک ہیں۔