Posted in

وزیراعظم کی سکھ برادری کو مذہبی تہوار بیساکھی پر مبارکباد

وزیراعظم کی سکھ برادری کو مذہبی تہوار بیساکھی پر مبارکباد

یہ تہوار انسانیت کے مثبت پہلو اور محنت کے صبر آزما مراحل کے بعد ثمرات پردلی مسرت کا اظہار ہے

وزیراعظم شہباز شریف نے  سکھ برادری کے مذہبی تہوار بیساکھی پراپنے پیغام میں کہا کہ آج پنجاب کے روایتی، ثقافتی اور سکھ برادری کے مذہبی تہوار بیساکھی پر میں پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری اور اس دن کو منانے والوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ روایتی اورثقافتی سطح پر کسان کی سخت محنت کے بعد فصل  کے بار آور ہونے اور کٹائی کے لیے تیار ہونے کی خوشی میں پنجاب بھر میں سکھ برادری بیساکھی کے میلوں کا اہتمام کرتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ تہوار انسانیت کے مثبت پہلو اور محنت کے صبر آزما مراحل کے بعد ثمرات پردلی مسرت کا اظہار ہے یہ محنت کا پھل ملنے پر عاجزی کے ساتھ شکر گزار ہونے کا پیغام دیتا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے سکھ یاتری پاکستان کے گردوارہ پنجہ صاحب (حسن ابدال) اور جنم استھان (ننکانہ صاحب) میں بیساکھی کی تقریبات میں شرکت کے لیے آتے ہیں حکومت آنے والے تمام سکھ و ہندو یاتریوں کو  ہمیشہ خوش آمدید کہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تہوار کے دنوں میں مذہبی مقامات پر سکھ یاتریوں کی ہر ممکن سہولت کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں مثبت اور کثیر الجہتی ثقافتی رنگ ہی معاشرتی تنوع اور زندہ دل معاشرہ کی بنیاد ہیں۔ اجتماعی ثمرات کو خوش دلی سے منانا ہی سماجی اتحاد کو مضبوط کرنے کا باعث ہے۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مختلف مذاہب کے مذہبی تہواروں کو احترام کی نگاہ سے دیکھنا ہین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا باعث ہے اسلامی تعلیمات اور آئین پاکستان بلا تفریق رنگ و مذہب تمام  شہریوں کے مساوی حقوق کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے ضامن ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ اقلیتی برادریوں کے بنیادی انسانی، مذہبی اور شہری حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داریوں میں شامل ہے آئیے آج خوشی کے دن عالمی امن و استحکام اور فلاح انسانیت کے لیے بھی خصوصی دعا کریں آپ سب کو بیساکھی کی خوشیاں مبارک ہوں۔

Leave a Reply